مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ اسلام آباد ائیرپورٹ پر سیکورٹی کا بڑا بریچ 22 جنوری کی شب سامنے آیا جب شلوار قمیض ، سر پر ٹوپی اور دو مختلف رنگوں کی جیکٹیں پہنے مشکوک شخص اچانک ایئر سائیڈ پر رن وے کے قریب ایپرن میں موجود پایا گیا جس کی حرکات دیکھ کر ائیر ٹریفک کنٹرول کے عملے نے حکام اور سول ایوی ایشن کے ویجیلینس اسٹاف کو آگاہ کیا ۔
مشکوک شخص کی اچانک ائیرسائیڈ پر موجودگی پر سیکورٹی حکام میں کھبلی مچ گئی۔ سی اے اے ویجیلنس کے عملےنے اسے قابو کر کے ڈیوٹی ٹرمینل مینیجر کے دفتر منتقل کیا اور ابتدائی چھان بین کے بعد ائیرپورٹ سیکورٹی فورس کے حوالے کردیا اس سے تاحال چھان بین جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا مشکوک شخص سے کسی قسم کی شناختی دستاویز بھی نہ ملی ، وہ اپنے مختلف نام اور علاقہ ڈیرہ غازی خان بتاتا ہے ۔
مشکوک شخص تمام سیکورٹی حصار پار کرکے ایپرن جیسے حساس ایریا تک کیسے پہنچا ، اس حوالے سے بھی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ائیرپورٹ پر متعین انٹیلیجنس اداروں نے ائیرپورٹ پر تعینات ائیرپورٹ سیکورٹی فورس کے عملے کی مبینہ غفلت کی نشاندہی کرتے ہوئے انسیڈینٹ رپورٹ بھی اتھارٹیز کو ارسال کردی ۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مشکوک شخص کے پاس کسی قسم کی شناخت نہ تھی اور وہ ذہنی طور پر بیمار شخص محسوس ہوتا ہے تاہم وہ حساس علاقے تک کیسے پہنچا اس حوالے سے تحقیقات ضروری ہیں۔
ترجمان ائیرپورٹ سیکورٹی فورس سے رابطہ کیاگیا تو وہ واقعے سے انکاری رہے اور برملا یہ کہہ دیا کہ ایسا کوئی واقعہ ہوا ہی نہیں جبکہ مشکوک شخص کو پولیس کے حوالے بھی نہیں کیاگیا۔