معروف ہندوستانی شیعہ عالم دین مولانا مظاہر علی سیتھلی واعظ بانی حوزہ علمیہ جامعہ مہدیہ سیتھل نے طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بھارت کے معروف شیعہ عالم دین مولانا مظاہر علی سیتھلی واعظ بانی حوزہ علمیہ جامعہ مہدیہ سیتھل نے طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق،مولانا مظاہر علی سیتھلی واعظ ابن جناب سید راغب علی یکم جنوری ۱۹۴۴ء کو قصبہ سیتھل ضلع بریلی (اتر پردیش) میں پیدا ہوئے۔ابتدائی تعلیم وطن ہی میں حاصل کرنے کے بعد ۱۹۵۷ء میں جامعہ ناظمیہ لکھنؤ میں داخلہ لیا ،جامعہ ناظمیہ سے فراغت کے بعد مدرسۃ الواعظین لکھنؤ میں داخلہ لیا جہان نادرۃ الزمن علامہ ابن حسن نونہروی طاب ثراہ سے استفادہ کرکے مختلف علاقوں کے تبلیغی دورے کئے۔تنظیم المکاتب کی تاسیس و ترقی میں رئیس الواعظین مولانا کرار حسین واعظ کے ساتھ مل کر خطیب اعظم مولانا غلام عسکری طاب ثراہ کا مضبوط سہارا بنے اور تنظیم المکاتب کے لئے ناقابل فراموش خدمات انجام دیں۔

آپ نے اپنے وطن میں جامعہ مہدیہ قائم کیا اور اسی کے تحت ۲۰۰۰ء میں مہدیہ پبلک اسکول کی بنیاد رکھی اور ایک عدد سہ ماہی رسالہ بنام ’’صحیفہ ‘‘ جاری کیا۔مولانا مظاہر علی واعظ مرحوم ایک بہترین عالم با عمل ،خطیب اہل بیت ؑ اور واعظ متعظ تھے۔۳۲؍سال سے زیادہ عرصے تک سنگا پور میں ماہ محرم میں عشرۂ مجالس کو خطاب فرمایا اور وہاں امامباڑہ اور اسلامی مرکز کی بنیاد رکھی۔