مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ پشاور میں سربند پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سردار حسین اور دو اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔
ایس ایس پی آپریشنز نے ڈی ایس پی سردار حسین اور ایک زخمی کانسٹیبل کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی ایس پی سردار حسین کے تھانے پہنچنے پر تاک میں بیٹھے دہشتگردوں نے انہیں اور باقی محافظوں کو نائٹ وژن گنز سے نشانہ بنایا جس کی زد میں آکر دو اہلکار بھی زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے اسنائپر رائفلوں کا استعمال کرتے ہوئے تھانے پر فائرنگ کی، رائفلوں کے ذریعے تھانے کی سنتری پوسٹوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ حملے کے فوراً بعد پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی جب کہ پولیس کی ٹیمیں اور امدادی اداروں کے اہلکار موقع کی جانب روانہ ہوئے۔
پولیس اور دہشتگردوں کے مابین وفقہ وقفہ سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور پولیس کی اضافی نفری کے ہمراہ بکتر بند گاڑیاں بھی پولیس اسٹیشن سربند پہنچ گئیں۔