مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے صوبائی دارلحکومت لاہور میں اتوار کے روز یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیا۔ یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی کا انعقاد فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور بڈیز سائیکلنگ کلب کے ساتھ ساتھ کلین پاکستان گرین پاکستان، گلبرگ سائیکلنگ کلب اور پیڈل پاور کے تعاون سے کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ سخت ترین سرد موسم کے باوجود نوجوانوں کی بڑی تعداد نے یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی میں شرکت کی اور فلسطین پر غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کے ناجائز تسلط کے خلاف نعرے بازی کی۔ سائیکل سواروں نے سائیکلوں پر فلسطینی پرچم لگا رکھے تھے جبکہ فلسطینی اسکارف بھی پہنے ہوئے تھے۔
یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی کی قیادت جماعت اسلامی کے رہنما احمد سلمان بلوچ، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم، سائیکل کلب کے لیڈرز تنویر خان، سارہ حبیب، کامران خان، طیب خان، شہزاد مرزا، عثمان محی الدین اور عظیم سبزواری کرُرہے تھے۔
یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی کا آغاز لاہور کے مشہور معروف لبرٹی چوک سے ہوا اور مخصوص راستوں سے گزر کر ریلی جیلانی پارک لاہور میں اختتام پذیر ہو گئی۔
ریلی کے شرکاء کا کہنا تھا کہ فلسطین کا مسئلہ انسانیت کا سب سے اہم مسئلہ ہے اور ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم فلسطینیوں کی حمایت کریں۔ شرکاء نے کہا کہ اسرائیل ایک غاصب اور ناجائز ریاست ہے جو مسلمانوں کے قبلہ اوّل پر قابض ہے ہم اسرائیلی جارحیت اور غاصبانہ تسلط کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ اس موقع پر شرکاء نے فلسطین کے حق میں اور غاصب صہیونی ریاست کے خلاف زبردست نعرے بھی لگائے۔