مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی شہید کی تیسری برسی کی مناسبت سے پاکستان، ایران سمیت دنیا بھر میں اجتماعات، پروگرامات کا سلسلہ جاری ہے، انچولی سوسائٹی کراچی کی امام بارگاہ شہدائے کربلا میں قرآن خوانی و مجلس برسی برائے ایصال ثواب و بلندی درجات مدافعان ولایت شہید قاسم سلیمانی، شہید ابو مہدی المہندس اور شہید باقر النمر منعقد کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں مسجد و امام بارگاہ شہدائے کربلا انچولی سوسائٹی میں مدافعان ولایت شہید قاسم سلیمانیؒ، شہید ابو مہدی الہمندس و شہید باقر النمر کی برسی کی مناسبت سے قرآن خوانی و مجلس عزا کا انعقاد کیا گیا۔ اجتماعی قرآن خوانی کے بعد حدیث کساء کی تلاوت سے مجلس برسی کا آغاز ہوا، حدیث کساء کی تلاوت سید حیدر رضا کاظمی نے کی، جبکہ سوز خوانی پسران حشمت علی زیدی اور سلام ڈاکٹر نجم الحسن پیش کیا۔ مدافعان ولایت کیلئے منعقدہ مجلس عزا سے مولانا سید کاظم عباس نقوی نے خطاب کیا۔ مجلس برسی میں عاشقان مدافعان ولایت نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
مولانا سید کاظم عباس نقوی نے کہا کہ دختر پیغمبرؐ خدا جناب سیدہ فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی دفاع ولایت کی جدوجہد تاریخ میں جسے بھی سمجھ میں آ جائے، وہ سب سے پہلے ولایت و امامت کی قدر و قیمت سے آگاہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدافع ولایت جناب سیدہ فاطمہ زہراءؑ کی راہ و روش پر چلنے والے شہداء درحقیقت فاطمی شہداء ہیں، انہی میں اولین فہرست میں شہید قاسم سلیمانی و شہید ابو مہدی المہندس بھی شامل ہیں، جن کی یاد آج دنیا بھر میں منائی جا رہی ہے، جنہوں نے اپنے زمانے میں اپنے وجود کو قربان کرکے ولایت کی ان کڑیوں کو جوڑ کر رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی سے متعلق ان کے چاہنے والوں اور دستوں کے بجائے اگر ان کے دشمنوں کی زبان سے بھی سن کر دیکھیں کہ یہ کون تھے، تو بھی شہید قاسم سلیمانی کی روشن و راہنما شخصیت کی معرفت حاصل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی جیسی شخصیات اپنے وجود کو قربان کرکے ایسی گواہی بن جاتے ہیں کہ ان کی شہادت تاریخ میں ہمیشہ کیلئے نمایاں ہو جاتی ہے۔ مجلس کے اختتام میں انجمن عابدیہ کاظمیہ کے صاحب بیاض جاوید حیدر رضوی نے نوحہ خوانی کی۔