وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے انسانیت کے دکھوں پر مرہم رکھا، پوری دنیا میں گزشتہ کچھ دہائیوں میں مذہبی عدم برداشت کی لہر نے زور پکڑا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دیتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ تہوار آفاقی محبت، اخوت اور ایثار کا درس دیتا ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا کہ آج بھائی چارے اور مذہبی رواداری پر عمل درآمد کی اشد ضرورت ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف کا اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ پاکستان کی مسیحی برادری نے ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے مثبت کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کو ایک قوم بن کر ملک کی ترقی و خوش حالی کے لیے شبانہ روز محنت کرنی ہے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا ہے کہ آئیں ہم سب مل کر پاکستان کو مذہبی رواداری کی مثال بنا کر امن کا گہوارہ بنائیں۔