مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر پٹرولیم جواد اوجی نے آج جمعے کے روز ایران کی نیشنل گیس کمپنی کے ڈسپیچنگ سنٹر کے دورے کے دوران کہا کہ آج وہ نیشنل گیس کمپنی کے ڈسپیچنگ سنٹر میں غیر اعلانیہ طور پر گیس کی تقسیم، سپلائی اور استعمال کا جائزہ لینے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گھریلو اور تجارتی شعبوں میں گیس کی کھپت میں یومیہ 60 ملین کیوبک میٹر اضافہ ہوا ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں جنوبی پارس کے 2 مرحلوں کے برابر ہے۔ وزیر پٹرولیم نے مزید کہا کہ ہم عوام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے استعمال کو بہتر بنانے کی کوشش کریں۔ صارفین کی حوصلہ افزائی کے لیے اچھے اقدامات نظر میں رکھے گئے ہیں کہ جن میں استعمال میں ہر 1% کمی پر گیس کی قیمتوں میں 3% رعایت بھی شامل ہے جبکہ اگر کوئی صارف گزشتہ سال کے مقابلے میں 30% بچت کرتا اور گیس کم استعمال کرتا ہے تو اسے مفت گیس ملے گی۔
انہوں نے آئل انڈسٹری کے ملازمین کا حوصلہ بڑھانے کے لیے اچھے فیصلوں کا اعلان بھی کیا۔