بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے وفاقی ٹیکس محتسب کے دفتر میں خصوصی سیل قائم کردیا گیا جس کے تحت ان کی ٹیکس سے متعلق شکایات کو اولین ترجیح پر حل کیا جا سکے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے  آگاہی نشست سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ان کے اثاثوں پر ٹیکس کی دوہری کٹوتی کی متعدد شکایات موصول ہوئی ہیں اور انہیں ایف بی آر پورٹل پر ریفنڈ کی درخواستیں اپ لوڈ کرنے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

اب ایسے بیرون ملک مقیم پاکستانی الماس علی جاوندہ ایڈوائزر (لیگل) کی سربراہی میں قائم سیل کے ذریعے اپنے جائز مسائل فوری حل کرا سکتے ہیں۔  سال کے پہلے دس ماہ میں 5 ہزار سے زائد ٹیکس شکایات کو نمٹا دیا جو ایک ریکارڈ ہے جبکہ باقی حل ہونے کے عمل میں ہیں۔
ایف ٹی او دنیا میں واحد ادارہ ہے جہاں پورٹل، موبائل ایپ، واٹس ایپ، ای میل، ، فیکس، ذاتی طور پر یا تحریری طور پر شکایت کی صورت میں اسی دن مفت کارروائی کی جاتی ہے۔