پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف نےامیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور قطر کے عوام کو فیفا ورلڈ کپ 2022ء کی میزبانی کرنے پر مبارک باد دی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ شہباز شریف نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر قطر میں فیفا ورلڈکپ 2022ء کے آغاز پر اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ میں پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی پر قطر کے امیر محترم شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بھی لکھا ہے کہ دنیا اس ورلڈ کپ کے دوران قطر کی تاریخ، ثقافت اور مہمان نوازی کا بہترین تجربہ کرے گی۔

واضح رہے کہ فیفا فٹبال ورلڈکپ کا پہلا میچ آج میزبان قطر اور ایکواڈور کے درمیان کھیلا جائے گا۔میگا ایونٹ کے 64 میچز قطر کے 5 شہروں کے 8 اسٹیڈیمز میں ہوں گے جہاں دفاعی چیمپئن فرانس ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔