مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیاہےکہ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کل یکم نومبر کو اپنے پہلے دورۂ چین روانہ ہوں گے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے مابین کئی اہم معاہدے بھی متوقع ہیں۔ 11 اپریل 2022ء کو منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا یہ پہلا دورۂ چین ہے، جس کی دعوت چین کی ریاستی کونسل کے وزیراعظم لی کی چیانگ نے دی تھی۔ حالیہ دورے میں دونوں ممالک کے مابین تجارت اور معاشی تعاون سمیت متعدد معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ازبکستان میں 16 ستمبر 2022ء کو بھی ملاقات ہوئی تھی۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق کمیونسٹ پارٹی چین کی بیسویں نیشنل کانگریس کے تاریخی انعقاد اور صدر شی جن پنگ کے تیسری بار جنرل سیکرٹری منتخب ہونے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف چین کا دورہ کرنے والے اولین رہنماؤں میں شامل ہیں۔ اس موقع پر اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ہو گا۔