جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں گزشتہ روز ہیلووین کی تقریب میں بھگدڑ مچنے سے ہلاک افراد کی تعداد 151 ہوگئی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے عالمی میڈیا سے نقل کیاہے کہ گزشتہ روز جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں روایتی تہوار ہیلووین منانے والے ہزاروں افراد تنگ گلیوں میں جمع ہوگئے تھے جس سے بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد 151 تک پہنچ گئی ہے جب کہ 100 سے زائد افراد زخمی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے ہیلووین کی تقریب میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد شریک تھے، بھگدڑ کا واقعہ ایتوان کے علاقے میں پیش آیا، واقعے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور جائے وقوع پر بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی تھیں۔

جنوبی کوریا کے حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجہ جاننے کیلیے تحقیقات جاری ہیں۔

واقعے کے بعد جنوبی کوریا کے صدر نے جائے حادثے کا دورہ کیا اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔