تحریک انصاف نے کراچی میں ضمنی انتخاب کے دوران پیپلز پارٹی کی جانب سے پی ٹی آئی کراچی کے صدر بلال غفار پر حملے اور تشدد کا الزام عائد کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا سے نقل کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے الزام عائد کیا ہے کہ ہمارے کراچی کے صدر بلال غفار پر ملیر میں حملہ کیا گیا، بلال غفار کو ملیر غازی گوٹھ میں مخالف گروہ کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، بلال غفار کو قریبی اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔

تحریک انصاف کراچی کے صدر بلال غفار نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ایم پی اے سلیم بلوچ نے مجھ پر سب سے پہلے حملہ کیا، مجھے دھکا دے کر زمین پر گرایا، ان کے 10 سے 15 ساتھیوں نے مجھے اینٹیں ماریں، مجھ پر پولیس کی موجودگی میں پی پی والوں نے حملہ کیا لیکن پولیس نے میری کوئی مدد نہیں کی۔

پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ اور عمران اسماعیل نے حملے کی مذمت کی ہے۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ پی پی کے جیالے اپنی شکست سے خوف زدہ ہوگئے، الیکشن میں ناخوشگوار واقعات کا رونماء ہونا دھاندلی کی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔