وینزویلا کے صدر نے کہا کہ وینزویلا نے تہران اور کاراکاس کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے طے پانے والے معاہدے کے تحت ایران سے ایک جدید آئل ٹینکر حاصل کیا ہے۔

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وینزویلا کے سرکاری ٹی وی نے خبر دی ہے کہ صدر نکولاس ماڈورو نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں دنیا کی جدید ترین انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی سے لیس جہاز حاصل کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ جہاز وینزویلا کے آڈر پر ایران نے تیار کیا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ آئل ٹینکر اب ہمارے انقلابی  PDVSA ﴿وینزویلا کی سرکاری تیل اور قدرتی گیس کمپنی﴾ کے لیے کارگو جہاز کے طور پر کام آئے گا۔

یاد رہے کہ یہ ایران کا تیار کردہ تیسرا آئل ٹینکر ہے جو وینزویلا کے حوالے گیا ہے۔ اس جنوبی امریکی ملک کو دوسرا ٹینکر 11 جون 2022 کو دیا گیا تھا۔

دوسرا ٹینکر تیل بردار کشتیوں کی قسم افرامیکس ﴿درمیانے سائز کے آئل ٹینکر﴾ میں سے تھا جس کا وزن 80,000 سے 120,000 میٹرک ٹن کے درمیان تھا۔ یہ جہاز  113,000 میٹرک ٹن یا 750,000 بیرل تیل لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جہاز کی لمبائی 250 میٹر جبکہ  21,000 ہارس پاور کے انجن اور تین ڈیزل جنریٹرز سے لیس ہے جو 900 کلو واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

وینزویلا کے صدر ماڈورو نے جون میں کہا تھا کہ 2024 میں چوتھا ایرانی تیار کردہ آئل ٹینکر بھی وینزویلا کی سرکاری تیل اور قدرتی گیس کمپنی (PDVSA) میں بھی شامل ہو جائے گا، جس کے بعد 2006 میں طے پانے والے چار تیل بردار جہازوں کا معاہدہ اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا۔

یہ تیل بردار جہاز ایران کی میرین انڈسٹریل کمپنی (صدرا) نے تیار کیے ہیں جو صوبہ بوشہر میں خلیج فارس کے ساحل کے ساتھ واقع ہے۔