ایران کے صدر نے وزیر داخلہ سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے زائرین کی سفری سہولیات کے حوالے سے عراقی حکام کے ساتھ ہونے والے تازہ ترین مذاکرات کی رپورٹ طلب کی اور زائرین کے پیدل مارچ کے راستوں میں موجود بعض مشکلات دور کرنے کے احکامات صادر کئے۔ 

مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اربعین کے زائرین کو خدمات کی فراہمی اور خاص طور پر باڈروں کی صورتحال پر مسلسل استفسار کر رہے ہیں۔

صدر مملکت نے مہران باڈر پر موجود وزیر داخلہ احمد وحیدی کو ٹیلی فون کیا جنہوں نے گزشتہ روز عراق کا سفر بھی کیا تھا۔ صدر مملکت نے وزیر داخلہ سے عراقی حکام سے انجام پانے والی بات چیت اور طے کئے گئے امور کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے تازہ ترین صورتحال اور زائرین کے نقل و حرکت اور باڈر کراسنگ کے امور پر استفسار کیا۔

انہوں نے اس حوالے سے کچھ احکامات صادر کئے اور حکومتی حکام کو حکم دیا کہ زائرین کو بہتر خدمات کی فراہمی اور ان کے راستوں میں موجود مشکلات کو دور کرنے پر توجہ دی جائے۔