مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 24 روپے 3 پیسے اضافے کا اعلان کردیا، جس کے بعد فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 233 روپے 89 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 24 روپے 3 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 59 روپے 16 پیسے اضافے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمت میں 59 روپے 16 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد فی لیٹر قیمت 264 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح حکومت نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 29 روپے 59 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل 29 روپے 16 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا۔
حکومت کی جانب سے اضافے کے اعلان کے بعد رات 12 بجے کے بعد سے پیٹرول کی نئی قیمت 233 روپے 89 پیسے، ڈیزل 264 روپے جبکہ مٹی کا تیل 211.43 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی نئی قیمت 207.47 روپے ہوجائے گی۔
وفاقی وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ اب پیٹرولیم مصنوعات کے معاملے میں کوئی نقصان برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے شروع ہوجائے گا۔