مہر خبررساں ایجنسی کی اردو سروس کے مطابق رہبر کبیر اور بانی انقلاب اسلامی ایران حضرت امام خمینی (رہ) کی 33 ویں برسی کل ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائےگی۔ حضرت امام خمینی (رہ) کی 33 ویں برسی گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی اسلامی جمہوریہ ایران، ہندوستان، پاکستان،لبنان ،شام، عراق ، یمن، کشمیرسمیت دنیا کے مختلف ممالک میں مذہبی جوش و ولولہ اورعقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کل بروز ہفتہ (4 جون) کو حضرت امام خمینی (رہ) کی 33 ویں برسی کے موقع پر امام خمینی (رہ) کے حرم مطہر میں عظيم الشان اجتماع سے خطاب کریں گے۔
اطلاعات کے مطابق حضرت امام خمینی (رہ) کی 33 ویں برسی کے پروگرام کا ہفتہ کی صبح 9 بجے حضرت امام خمینی (رہ) کے حرم مطہر میں آغاز ہوگا۔ اس موقع پر رہبر معظم انقلاب اسلامی عوام کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کریں گے۔ یہ پروگرام طبی اصولوں کی رعایت کے ساتھ منعقد کیا جائےگا۔
واضح رہے کہ حضرت امام خمینی (رہ) حضرت فاطمہ زہرا (س) کے یوم ولادت یعنی 20 جمادی الثانی 1320 ھجری (1902ء) کو وسطی ایران کے شہر خمین میں پیدا ہوئے اور 4 جون 1989ء کو تہران میں ان کا انتقال ہوگیا ، انہیں تہران کے قبرستان بہشت زہرا (س) کے قریب سپرد خاک کیا گیا۔ آپکا مزار آج عوام کی زیارتگاہ بنا ہوا ہے۔
حضرت امام خمینی (رہ) کی آخری رسومات میں عالمی رہنماؤں ، اعلیٰ سرکاری عہدیداروں اور مندوبین کے علاوہ لاکھوں عقیدت مند وں نے شرکت کی۔ حضرت امام خمینی (رہ) نے ایران میں اسلامی انقلاب برپا کرکے لا شرقیہ ولا غربیہ کی پالیسی دنیا میں متعارف کرائی اور دنیا کی مظلوم اور ستمدیدہ اقوام کو عالمی سامراجی طاقتوں خاص طور پر امریکہ اور اس کے ایجنٹوں کے خلاف قیام کا عزم و حوصلہ عطا کیا۔