مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارتی ریاست راجستھان میں سسرال کی جانب سے جہیز کے معاملے پر زد وکوب کیے جانے پر ایک ہی خاندان میں بیاہی گئی تین بہنوں نے اپنے دو بچوں کے ہمراہ خود کشی کرلی۔ اطلاعات کے مطابق خود کشی کرنے والی بہنوں میں سے دو حاملہ بھی تھیں، والدین کی طرف سے جہیز نہ ملنے پر سسرالی انہیں تشدد کا نشانہ بناتے تھے جس سے تنگ آکر تینوں بہنوں نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔
ذرائع کے مطابق بہنوں نے اپنے دو بچوں 4 سالہ بیٹا اور 27 دن کے بیٹے کے ساتھ خودکشی کی۔ لڑکیوں کی عمریں 25، 23 اور بیس سال تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ راجستھان کے ضلع جے پور میں تین بھائیوں کی شادی مذکورہ تینوں لڑکیوں سے ہوئی تھی اور سب ایک ہی گھر میں رہتے تھے۔ خودکشی کے بعد اہل خانہ کو خط ملا جس میں لکھا تھا کہ روز روز مرنے سے اچھا ہے ایک ہی بار دم نکل جائے، ہماری موت کی وجہ سسرال والے ہیں۔