مہر خبررساں ایجنسی کی اردو سروس نے مرحوم آیت اللہ سید عبداللہ فاطمی نیا کے انتقال پر تعزیتی میں کہا ہے کہ مرحوم آیت اللہ فاطمی نیا بہترین معلم اخلاق، عارف ، خطیب توانا اور اسلامی مؤرخ تھے۔
إنا لله وإنا إليه راجعون
العلماء باقون مابقي الدهر اعيانهم مفقودۃ و امثالهم في القلوب موجودۃ
مرحوم آیت اللہ سید عبداللہ فاطمی نیا بہترین معلم اخلاق، عارف ، خطیب توانا ، اسلامی مؤرخ ہونے کے علاوہ علم رجال اور عرفان میں صاحب نظربھی تھے۔ مرحوم آیت اللہ فاطمی نیا 1325 شمسی میں تبریز کے ایک علمی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ مرحوم سید عبداللہ فاطمی نیا نے تبریز کے بزرگ عارف آیت اللہ مصطفوی تبریزی سے 30 سال تک علوم ظاہری و باطنی حاصل کیا۔ مرحوم مصطفوی تبریزی ، عارف بزرگ مرحوم آیت اللہ قاضی کے ممتاز شاگردوں میں سے تھے۔ مرحوم آیت اللہ فاطمی نیا نے مکتب اہل بیت(ع) کی ترویج اور تبلیغ کے سلسلے میں شاندار اور گرانقدر کردار ادا کیا۔ مرحوم آیت اللہ فاطمی نیا نے علمی، عملی اور اخلاقی میدانوں درخشاں اور عظیم الشان نمونے قائم کئے ،جو آئندہ نسلوں کے لئے مشعل راہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ مرحوم متقی، پرہیزگار، بےباک ، نڈر اور مخلص خطیب تھے۔
عوام اور خاص طور پر جوانوں کا مرحوم آیت اللہ فاطمی نیا سے خاص اور والہانہ لگاؤ تھا ۔ وہ ایسے توانا خطیب تھے جو آسانی کے ساتھ عوام کے دلوں میں اپنی جگہ بنا لیتے تھے۔مرحوم آیت اللہ فاطمی نیا کو انقلاب اسلامی اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کے ساتھ بھی والہانہ محبت تھی ۔ وہ رہبر معظم انقلاب اسلامی کی مخالفت کو معصیت اور گناہ سمجھتے تھے، یہی وجہ ہے کہ انھوں نے اپنے قریبی اور دیرینہ دوست آقائ امجد کے انقلاب اسلامی سے انحراف کے بعد ان سے دوری اختیار کرلی۔ مرحوم ذمہ دار ، وظیفہ شناس ، دیندار اور مخلص انسان تھے اور اخلاقی اور معنوی اقدار کے اعلی مدارج پر فائز تھے۔ اللہ تعالی مرحوم پر اپنی رحمت اور مغفرت نازل فرمائے اور اہلبیت(ع) کے ساتھ محشور فرمائے اور مرحوم کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
بیانیہ : سید ذاکر حسین جعفری