مہر خبررساں ایجنسی نے کشمیر ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں بھارتی فوج نے آپریشن کے دوران 3 افراد کو گولی مار کر قتل کردیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع اسلام آباد میں ایک بار پھر بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا اور اس دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کرکے دو نوجوانوں کو شہید کردیا۔
اسی طرح چند روز قبل بھارتی سکیورٹی فورسز کی گولی سے شدید زخمی ہونے والا نوجوان اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا۔ اس طرح آج شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 3 ہوگئی۔
مودی سرکار کی جانب سے کشمیر میں حلقہ بندیوں پر وادی بھر میں شدید احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ حریت پسند جماعتوں کی کال پر جگہ جگہ مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
گزشتہ ماہ بھی بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران 26 افراد کو شہید کر دیا تھا جب کہ پولیس شیلنگ، ہوائی فائرنگ، تشدد اور لاٹھی چارج سے 109 کشمیری زخمی ہوگئے تھے۔