بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں مارچ کے آخر سے اب تک گرمی لگنے سے کم از کم 25 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں مارچ کے آخر سے اب تک گرمی لگنے سے کم از کم 25 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ریاست کے مختلف حصوں میں اب تک درجہ حرارت 42 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ کیا گیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ودربھ علاقے میں سب سے زیادہ 15 اموات ریکارڈ کی گئیں جبکہ مراٹھواڑہ میں 6 اور شمالی مہاراشٹر میں 4 اموات ہوئیں۔ ریاست میں ہیٹ اسٹروک کے کل 381 کیسز رجسٹرڈ کیے جا چکے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں 6 افراد کی ہیٹ اسٹروک سے مرنے کی تصدیق ہوئی جبکہ بقیہ 19 افراد کی رپورٹ کا انتظار ہے۔

بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں وسطی ہندوستان میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔