اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے معاشرے میں ہر دور کی نسبت آج امید پیدا کرنے کی زیادہ ضرورت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآنی تعلیمات کی روشنی امید پیدا ہوتی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حجۃ الاسلام سید ابراہیم رئیسی نے معاشرے میں ہر دور کی نسبت امید پیدا کرنے کی زیادہ سے زیادہ  ضرورت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآنی تعلیمات کی روشنی امید پیدا ہوتی ہے۔ ایرانی صدر نے مصلی امام خمینی (رہ) میں  قرآن مجید کے خادمین کی 25 ویں قومی تکریم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کی تعلیمات کی روشنی میں انسانیت تشکیل پاتی ہے۔ صدر رئیسی نے کہا کہ انسان اگر تعلیمات قرآن پر عمل کرے تو اللہ تعالی اسے بلند و بالا مقام عطا کرتا ہے۔ قرآن مجید انسان کی ہدایت کی کتاب ہے لیکن افسوس ہے کہ ا اس انسان ساز کتاب کی تعلیمات سے انسان بے بہرہ ہے۔

صدر رئیسی نے کہا کہ انسان کو آج قرآن مجید کی ہدایت کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ انسانی معاشرے کی فلاح و بہبود قرآن مجید کی تعلیمات پر عمل کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔ انھوں نے کہا کہ قرآن مجید کی تعلیمات کی روشنی میں امید پیدا ہوتی ہے ۔ صدر رئیسی نے فلسطین، یمن، افغانستان اور لبنان میں اسلامی مزاحمت کو قرآن کی روشنی میں امید افزا قراردیتے ہوئے کہا کہ کل یوم قدس ہے اور یوم قدس دنیا کے تمام مظلومین اور مستضعفین کی امید کا دن ہے۔