پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کے خلاف پہلے سازش پھر مداخلت ہوئی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لاہور میں کارکنوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری حکومت کے خلاف پہلے سازش پھر مداخلت ہوئی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت سے امریکہ ہمیں فتح کیے بغیر کنٹرول کرے گا، امریکہ نے کہا کہ اگر عمران کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تو پاکستان کو نقصان کا سامنا ہوگا، ہماری حکومت کیخلاف پہلے سازش ہوئی پھر مداخلت ہوئی، پاکستان کے لیے یہ فیصلہ کن وقت ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کل ہم نے شب دعا کا اعلان کیا ہے آپ نے رات 10بجے دعا میں شریک ہونا ہے، مولانا طارق جمیل ملک کی حقیقی آزادی کے لیے دعا کروائیں گے، لاہور کے کارکنوں کا آنے والے دنوں میں اہم رول ہے، آپ نے گلی ،محلوں میں لوگوں کے پاس جا کر تبلیغ کرنی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان کے خلاف کرپشن کے کیس اگر بند کئے گئے تو اس سے پاکستانی عدلیہ اور نظام انصاف کا جنازہ نکل جائےگا۔