ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عالمی یوم قدس کی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا پہلا مسئلہ ہے اور اسرائيل کی غاصب و صہیونی حکومت مسئلہ فلسطین کو فراموش کرنے کے سلسلے میں مختلف سازشوں کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔عالمی یوم قدس اسرائیلی سازشوں کو ناکام بنانے کا دن ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان گفتگو کے پانچویں مرحلے کو مثبت اور تعمیری قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات اور گفتگو کا سلسلہ جاری رہےگا۔ سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے۔

سعید خطیب زادہ نے ویانا مذاکرات کے بارے میں مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ویانا مذاکرات میں ایران، تین یورپی ممالک ، چین اور روس کے درمیان جو امور تھے وہ مکمل ہوچکے ہیں۔ اب ایران اور امریکہ کے درمیان بعض امور باقی رہ گئے ہیں ، جنکا اپنے طریقہ سے پیچھا کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مذاکرات کا طولانی ہونا کسی کے فائدے میں نہیں ہے تین یورپی ممالک نے مذاکرات کا دوبارہ تقاضا کیا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عالمی یوم قدس کی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا پہلا مسئلہ ہے اور اسرائيل کی غاصب و صہیونی حکومت مسئلہ فلسطین کو فراموش کرنے کے سلسلے میں مختلف سازشوں کو عملی جامہ پہنا رہی ہےجس میں عرب ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کا قیام بھی شامل ہے، لیکن فلسطینی مسلمان ، اسرائیل کی تمام سازشوں کو نام بنانے کے لئے پختہ عزم کئے ہوئے ہیں۔ عالمی یوم قدس اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف  گھناؤنی سازشوں کو ناکام بنانے کا دن ہے۔

خطیب زادہ نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم اور دنیا کے تمام حریت پسند ممالک اسرائیل کی نسل پرستانہ پالیسی کے خلاف کھڑے ہیں۔ بعض عرب ممالک کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے سے مسئلہ فلسطین کی اہمیت پر کوئی اثر نہیں پڑےگا بلکہ بعض عرب ممالک کے غدار اور خائن حکمرانوں کے چہرے مسلمانوں کے سامنے مزيد نمایاں ہوجائیں گے۔