افغانستان کی پولیس نے اعلان کیا ہے کہ افغان پولیس اور طالبان اہلکاروں نےمزار شریف میں شیعہ مسجد پر حملے کے منصوبہ ساز اور ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرلیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان کی پولیس اور طالبان اہلکاروں نے اعلان کیا ہے کہ مزار شریف میں شیعہ مسجد پر حملے کے منصوبہ ساز اور ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرلیا ہے۔ طالبان کا کہنا ہے کہ شیعہ مسجد پر حملے کے ماسٹر مائنڈ کا تعلق داعش دہشت گرد تنظیم سے ہے۔ صوبہ بلخ کی پولیس کے ترجمان آصف وزیر نے کہا ہے کہ داعش کے ماسٹر مائنڈ عبدالحمید سنگریار کو تحقیقات کے بعد گرفتار کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ جمعرات کے دن مزار شریف میں شیعوں کے سب سے قدیمی مسجد سہ دکان پر نماز ظہر کے وقت داعش دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 45 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے اس حملے کی ذمہ داری امریکہ اور اسرائیل کی پروردہ دہشت گرد تنظیم  داعش نے قبول کی تھی۔