پاکستانی سپریم کورٹ میں تحریکِ عدم اعتماد مسترد ہونے پر لیے گئے ازخود نوٹس کی سماعت آج بھی جاری رہی، چیف جسٹس پاکستان عمرعطاء بندیال نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو غلط قرار دے دیا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی سپریم کورٹ میں تحریکِ عدم اعتماد مسترد ہونے پر لیے گئے ازخود نوٹس کی سماعت آج بھی جاری رہی، چیف جسٹس پاکستان عمرعطاء بندیال نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو غلط قرار دے دیا ہے۔ پاکستانی سپریم کورٹ میں حکومتی مؤقف کو بڑا دھچکا لگا ہے، چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو غلط قرار دے دیا۔
عدالتِ عظمیٰ میں اس وقت دلچسپ صورتِ حال پیدا ہو گئی جب اٹارنی جنرل ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کا دفاع کرنے سے دست بردار ہو گئے۔
وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد مسترد ہونے پر از خود نوٹس کیس کا فیصلہ آج ہی سُنایا جائے گا۔
چیف جسٹس پاکستان نے دورانِ سماعت ریمارکس دیئے کہ ایک بات تو ہمیں نظر آ رہی ہے کہ رولنگ غلط ہے، اب اگلا قدم کیا ہو گا؟ آج ہی کیس کا فیصلہ کریں گے، قومی مفاد اور عملی ممکنات دیکھ کر ہی آگے چلیں گے۔
تحریکِ عدم اعتماد مسترد ہونے پر لیے گئے از خود نوٹس کی آج مسلسل پانچویں سماعت ہے۔
چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔
جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس جمال خان مندوخیل بینچ میں شامل ہیں۔