مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حضرت امام خمینی (رہ) نے 12 فروردین 1358 ہجری شمسی کو اپنے ایک پیغام میں اسلامی جمہوری حکومت کے اعلان کے ساتھ اس دن کو امت کی امامت اور اللہ کی حکومت کا پہلادن اور سب سے بڑی مذہبی اور قومی عید قراردیتے ہوئے فرمایا: قوم کو یہ دن مبارک ہو اس دن کی بدولت قوم کے تمام طبقات اپنے حقوق تک پہنچ جائیں گے۔
حضرت امام خمینی(رہ) نے فرمایا: اللہ تعالی نے ہم پر احسان کیا ہماری نصرت و مدد کی اور اپنے دست قدرت سے شاہ کی ظالم حکومت کی بساط لپیٹ دی ، اور ہماری قوم کو مستعضف قوموں کا رہنما اور پیشوا بنادیا اور اسلامی جمہوریہ کے قیام سے انھیں سرافراز بنادیا ہے میں اس قومی اتحاد و یکجہتی پر ایرانی قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ایرانی قوم نے واعتصموا بحبل اللہ کی الہی آواز پر لبیک کہی ، اور اتفاق آراء کے ساتھ اسلامی جمہوریہ کو منتخب کیا اورمشرق و مغرب کے سامنے اپنے سیاسی و سماجی بلوغ کو واضح کردیا آج قوم نے حکومت عدل الہی کے قیام کا اعلان کیا ہے یہ اسلامی حکومت آپ کو مبارک ہو جس میں سیاہ و سفید و ترک و کرد و لر و فارس و بلوچ کی بات نہیں بلکہ برادری و برابری کی بات ہے سب اسلامی پرچم کے سائے میں جمع ہوگئے ہیں آپ کو یہ دن مبارک ہو۔
واضح رہے کہ ایرانی عوام نے 12 فروردین کوایک ریفرینڈم میں اسلامی جمہوریہ کے حق میں ووٹ دیکر ایران میں اسلامی حکومت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا تھا۔ ایران میں یہ دن اسلامی جمہوریہ کے دن سے یاد کیا جاتا ہے۔