اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایران کی ترقی اور پیشرفت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی کو ایران کے معاملات میں مداخلت کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے بیرون ملک ایرانی طلباء اور اساتید کے ایک سمینار سے خطاب میں ایران کی ترقی اور پیشرفت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی کو ایران کے معاملات میں مداخلت کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے روس اور یوکرائن جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تین دہائی قبل سابق سویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد  اس جنگ کے امکانات فراہم کئے گئے لیکن اس جنگ کا آغاز آج ہوا ہے۔ امریکہ اور نیٹو ملکر پوری دنیا کو اپنے تسلط میں رکھنا چاہتے ہیں ہم جنگ کے خلاف ہیں اور دنیا پر امریکہ اور یورپ کی اجازہ داری کے بھی خلاف ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم کافی مضبوط ہیں اور ملکی و قومی دفاع کے سلسلے میں ہماری پیشرفت کا سلسلہ جاری رہےگا۔ خطیب زادہ نے کہا کہ ہم سائنس و ٹیکنالوجی اور بعض دیگر علمی میدانوں میں دنیا کے پیشرفتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ایرانی طلباء ملکی اور غیر ملکی سطح پر ایران کی علمی اور سائنسی طاقت اور قدرت کا مظہر ہیں۔