صومالیہ میں ایک ریسٹورنٹ پر ہونے والے خود کش حملے میں 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ صومالیہ میں ایک ریسٹورنٹ پر ہونے والے خود کش حملے میں 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ 

اطلاعات کے مطابق صومالیہ کے ایک ریسٹورنٹ میں سیاست دانوں اور سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد ایک تقریب میں موجود تھی۔ تقریب کے دوران ریسٹورنٹ کے دروازے پر ایک بمبار نے خود کو دھماکے سے اُڑالیا۔

پولیس کے مطابق خود کش حملے میں 13 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ درجن سے زائد افراد شدید زخمی ہیں جنھیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے 3 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ داعش سے منسلک دہشت گرد تنظیم الشباب نے خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔