مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ " پی ڈی ایم " نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد لانے کا اعلان کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی رہائش گاہ پر پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس منعقد ہوا، جس میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی جبکہ نوازشریف ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حالات کا انتظار کرنا پڑتا ہے، جو ہم نے کیا اب حالات تبدیل ہوگئے ہیں، ہم سیاسی لوگ ہیں اتفاق رائے اور سوچ سمجھ کے ساتھ فیصلے کرتے ہیں، سیاست میں بڑے فیصلوں کیلئے دل بھی بڑا کرنا پڑتا ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لانے سے پہلے ہم ہوم ورک مکمل کریں گے، پہلے مرحلے میں تمام جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد پر اتفاق کیا اور فیصلہ کیا کہ سلیکٹڈ حکمران کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے گی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم تحریک عدم اعتماد میں کامیاب ہوں گے، حکومت کی اتحادی جماعتوں سے رابطوں کیلئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، جو عدم اعتماد کے حوالے سے اتحادی جماعتوں سے رابطے کرے گی اور درخواست کرے گی کہ وہ پی ڈی ایم کا ساتھ دیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی کے اراکین سے رابطہ نہیں کریں گے، اگر پی ٹی آئی سے کسی نے خود رابطہ کیا تو دیکھیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں کے بغیر تحریک عدم اعتماد نہیں لائی جاسکتی۔