افغانستان سے غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران 19 افراد برفانی تودے میں دب کر ہلاک ہوگئے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان سے غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران 19 افراد برفانی تودے میں دب کر ہلاک ہوگئے۔ 

اطلاعات کے مطابق افغانستان کے صوبے کنڑ میں پاکستان میں داخل ہونے کے لیے دشوار گزار پہاڑی راستے سے گزرنے والے شہریوں پر برفانی تودہ گر گیا جس میں درجن سے زائد افراد دب گئے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی کاموں کا آغاز کردیا گیا جس کے دوران برف میں دبے 19 افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ اب بھی کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے تاحال کسی بھی شخص کو زندہ نہیں نکالا جا سکا ہے۔

برفانی تودے میں دب کر جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر دور دراز کے علاقوں میں رہنے والے افراد شامل ہیں جو بھوک و افلاس کی وجہ سے اپنے گھر بار چھوڑ کر پاکستان آنا چاہ رہے تھے۔