ہندوستان میں آج یوم جمہوریہ منایا جارہا ہے اس موقع پر دہلی میں شاندار فوجی پریڈ کا مظاہرہ کیا گیا ۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق  ہندوستان کو 15 اگست 1947 کو آزآدی ملی۔ جس کے بعد 26 جنوری 1950 کو ہندوستان جمہوری ملک میں بدلا اور ملک میں آئین نافذ ہوا ، یہی وجہ ہے کہ ہندوستان میں ہر سال 26 جنوری کو یوم جمہوریہ منایا جاتا ہے۔ اس موقع پر ہندوستان اپنی فوجی قوت کا مظاہرہ کرتا ہے اور جدید ترین ہتھیاروں کی نمائش کی جاتی ہے۔ آج فوجی پریڈ کے دوران ایئر فورس کے 75 جہازوں نے آسمان میں اپنے کرتب دکھائے۔ یوم جمہوریہ کے موقع پر قومی راجدھانی میں خاص طور پر راج پتھ کے آس پاس سیکورٹی کے انتظامات سخت کئۓ گئے ہیں۔ دہلی میں الرٹ جاری ہے۔

نئی دہلی  کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس دیپک یادو نے کہا کہ یوم جمہوریہ کے موقع پر راج پتھ اور اس کے آس پاس کافی انتظامات کیے گئے ہیں۔

یادو نے کہا کہ چہرے کی شناخت کی خصوصیت کے ساتھ تقریباً 300 کیمرے راج پتھ کے ارد گرد نصب کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی خطرے کو پیشگی طور پر ناکام بنایا جا سکے۔نئی دہلی کے ڈی سی پی نے کہا کہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے دہلی پولیس اور نیم فوجی دستوں کے خصوصی تربیت یافتہ کمانڈوز کو تعینات کیا گیا ہے۔