مہر خبررساں ایجنسی نے اماراتی وزارت داخلہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے یمنی فورسز اور قبائل کی طرف سے ڈرونز حملوں کے بعد پرائیویٹ ڈرونز اور چھوٹے اسپورٹس طیاروں کی پرواز پر ایک ماہ کی پابندی لگادی ہے۔ اماراتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق تفریحی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے نجی ڈرونز اور چھوٹے طیاروں کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔ پرائیویٹ ڈرونز اور چھوٹے طیاروں پر پابندی کا نفاذ ایک ماہ کے لیے ہوگا۔
واضح رہے کہ یمن پر امارات کی جارحیت اور بربریت کے جواب میں یمنی فوج نے امارات کے شہر ابوظبی میں گزشتہ پیر کو 20 ڈرونز اور 10 میزائلوں کے ذریعہ حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں امارات کے تیل کی ترسیل معطل ہوگئی تھی۔