اسلامی جمہوریہ ایران کے جوہری ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ ہمیں ایران کو ایٹمی پلانٹ تیارکرنے والے ملک میں تبدیل کرنا چاہیے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے جوہری ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ ہمیں ایران کو ایٹمی پلانٹ تیارکرنے والے ملک میں تبدیل کرنا چاہیے۔

اطلاعات کے مطابق ایرانی جوہری ادارے کے سربراہ نے ایرانی سائنسداں شہید مسعود علی محمدی کی شہادت کی سالگرہ کے موقع پر شہید کے اہلخانہ سے ملاقات میں کہا کہ شہید ڈاکٹر علی محمدی کا ہماری گردن پر بہت بڑا حق ہے شہید علی محمدی اور دیگر شہداء کی یاد ہمارے دلوں کی گہرائیوں میں موجود ہے۔ انھوں نے کہا کہ شہداء کی یاد ہمارا فریضہ اور ذمہ داری ہے اور ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ شہداء کے جانے کے بعد ہمیں ان کے راستے پر گامزن رہنا ہے۔

ایرانی جوہری ادارے کے سربراہ نے کہا کہ شہیدوں نے جو علمی، سائنسی اور قلمی کارنامے انجام دیئے ہیں وہ ان کے لئےصدقہ جاریہ ہیں ۔ شہداء کے علمی اور سائنسی کارنامے ملک وقوم کی پیشرفت، اقتدار اور سربلندی کا باعث بنے ہیں اور ہم بھی شہداء کی راہ پر سفر جاری رکھنے کا پختہ عزم کئے ہوئے ہیں۔

اس ملاقات میں شہید علی محمدی کی ہمسر نے کہا کہ شہداء کے بہت سے کارنامے ابھی بھی گمنام ہیں جو منظر ع‏ام پر نہیں آسکے اللہ تعالی سے دعا ہے کہ شہداء قیامت میں ہماری سفارش اور شفاعت کریں ۔ انھوں نے کہا کہ شہید علی محمدی شہادت کے بعد پہچانے گئے شہادت نے انھیں پہچنوایا ہے۔