مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 اسرائیلی فوجی افسر ہلاک ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ 2 اسرائیلی افسروں اور ایک اسرائیلی فوجی نے جب احساس کیا کہ ان پر فلسطینیوں نے حملہ کردیا ہے تو انھوں نے ایکدوسرے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اسرائیلی فوج کے 2 افسر ہلاک ہوگئے۔ اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا کہ افسران کی غلط شناخت ہوئی اور آئی ڈی ایف نے غلطی سے گولی مار کر ہلاک کردیا۔ غاصب صہیونی فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے 28 سالہ میجر اوفیک ہارون اور 26 سالہ میجر اتمر الہار کے اہلخانہ کو مطلع کیا گیا۔ ایک فوجی ترجمان نے کہا کہ یونٹ میں موجود ایک سپاہی نے فلسطینیوں کے ممکنہ حملے کے تناظر میں صورتحال کا صحیح تعین نہیں کیا اور اس کی فائرنگ کے نتیجے میں دو اسرائیلی افسران ہلاک ہوگئے۔