مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارت میں ہندو انتہاپسندوں نے ریاست کرناٹک میں ایک اورچرچ پر حملہ کرکے توڑپھوڑ کی ہے اورچرچ میں موجود افراد کو قتل کی دھمکیاں دی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ریاست کرناٹک میں انتہاپسند ہندوؤں نے 160 سال پرانے سینٹ جوزف چرچ پرحملہ کردیا۔ توڑپھوڑ کی اورچرچ میں موجود افراد کوجان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔
ہندو انتہاپسندوں نے ہندوؤں کوزبردستی مسیحی بنائے جانے کا الزام لگا کرچرچ پرحملہ کیا۔ حملے کے وقت لوگ عبادت کے لئے چرچ میں جمع تھے۔
کرناٹک میں انتہاپسند گرجا گھروں اورمسیحیوں کے اجتماعات کومسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔ چند روزقبل کرناٹک کے شہرکولارمیں ہندوانتہاپسندوں نے مسیحیوں کی مقدس کتاب کونذرآتش کردیا تھا۔
ادھربھارت میں ہندو انتہا پسند جماعت کی جانب سے مسلمانوں کو جان سے مارنے کے لیے اکسانے کی ویڈیوز سامنے آگئیں۔
بھارتی شہر ہردوار میں بھارتی انتہا پسندوں کی جانب سے مسلمانوں کو جان سے مارنے کے لیے پارٹی ارکان کو اکسانے اور مشتعل کرنے کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔
ویڈیوز میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کو مارنے کے لیے تلوار کافی نہیں، وہ تلواروں سے نہیں مریں گے، انہیں مارنے کے لیے جدید ہتھیار لینے ہوں گے۔