امریکہ کی مختلف ریاستوں میں تیز رفتار بگولوں نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا جس کے نتیجے میں 50 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کی مختلف ریاستوں میں تیز رفتار بگولوں نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا جس کے نتیجے میں 50 سے زائد ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

اطلاعات کے مطابق امریکی ریاستوں کینٹکی، آرکنساس، الینوائے، میزوری اور ٹینیسی میں طوفان کی رفتار سے چلنے والے بگولوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ کئی عمارتیں، فیکٹریاں، ویئر ہاؤس تباہ، ٹریفک کا نظام معطل اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

گورنر کینٹکی کا کہنا ہے کہ ایک طاقت ور بڑا بگولہ فیکٹری سے ٹکرایا جس میں 110 ملازمین موجود تھے۔ بگولے کے ٹکرانے سے 50 سے زائد ملازمین کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے جب کہ دیگر علاقوں میں صورت حال اچھی نہیں۔

طوفانی ہواؤں اور بگولوں نے سب سے زیادہ نقصان ریاست کینٹکی کو پہنچایا ہے جہاں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ گریوز کاؤنٹی اور مے فیلڈ ٹاؤن میں بھی عمارتیں تباہ ہوئیں جب کہ گریوز کاؤنٹی کورٹ ہاؤس اور اس سے متصل جیل کو بھی نقصان پہنچا۔

اسی طرح ریاست آرکنساس میں 2 افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے اور ریاست الینوئے میں ایمیزون ویئر ہاؤس کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔