بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف " سی ڈی ایس" بپن راوت سمیت 13 افراد کی آخری رسومات آج بھارتی دارالحکومت دہلی میں برار اسکوائر میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں 2 روز قبل ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہونے والے بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) بپن راوت سمیت 13 افراد کی آخری رسومات آج بھارتی دارالحکومت دہلی میں برار اسکوائر میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔

بھارتی ملٹری کا ایم آئی 17 وی 5 ہیلی کاپٹر ریاست تامل ناڈو کے ہل اسٹیشن کونور کے جنگل میں گزشتہ روز گر گیا تھا جس میں سوار بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن لکشمن سنگھ راوت سمیت 13 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

حادثے کے شکار ہیلی کاپٹر میں جنرل بپن راوت کے علاوہ ان کی اہلیہ، ڈیفنس اسسٹنٹ، سیکیورٹی کمانڈوز اور فضائیہ کے پائلٹس سمیت 14 افراد سوار تھے، جن میں عملے کے 5 اور 9 مسافر شامل تھے۔

حادثے میں واحد زندہ بچنے والے گروپ کیپٹن ورون سنگھ زخمی ہیں، جو اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

جنرل بپن راوت ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج جا رہے تھے، جہاں اُنہیں اسٹاف کورس کے طلبہ، افسران اور اساتذہ سے خطاب کرنا تھا۔

بپن راوت نے 4 دہائیوں تک فوج میں ذمے داریاں نبھائیں، وہ 2017ء سے 2019ء تک بھارتی فوج کے سربراہ رہے، جس کے بعد انہیں ملک کا پہلا چیف آف ڈیفنس اسٹاف "سی ڈی ایس" بنایا گیا تھا۔