مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ورلڈ بینک نے کہا ہے کہ وہ امریکہ اور اقوام متحدہ کی تجویز کو عملی شکل دینے کے لیے افغانستان کے منجمد فنڈز میں سے 50 کروڑ ڈالر جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ورلڈ بینک بورڈ کے ارکان کا آج افغانستان کی تعمیر نو کے منجمد ٹرسٹ فنڈ سے 50 کروڑ ڈالر جاری کرنے کی تجویز کو عملی جامہ پہنانے کے لیے اہم اجلاس ہورہا ہے۔
ورلڈ بینک میں افغانستان کے ترقیاتی پروجیکٹس کے لیے 1 ارب 50 کروڑ ڈالر کی رقم موجود ہے جسے طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے منجمد کردیا گیا تھا تاہم اب اس میں 50 کروڑ ڈالر کی رقم این جی اوز اور عالمی اداروں کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی حکام اور اقوام متحدہ کی حالیہ ملاقاتوں میں افغانستان کے فنڈز میں سے کچھ رقم جاری کرنے کی تجویز رکھی گئی تھی جس کے بعد عالمی بینک نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر منجمد امدادی فنڈ سے 500 ملین ڈالر تک کی رقم کی فراہمی پر کام کا آغاز کیا ہے۔