اجراء کی تاریخ: 30 نومبر 2021 - 10:05

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان نے چٹاگانگ ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ کھیل کے پانچویں اور آخری دن پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 109 رنز سے کھیل کا آغاز کیا اور بنگلادیش کا 202 رنز کا ہدف 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر عابد علی نے 91 اور عبداللہ شفیق نے 73 رنز بنائے۔

کھیل کے چوتھے روز دوسری اننگز میں بنگلادیش کی پوری ٹیم 157 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی پاکستان کو جیت کے لیے 202 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم نے پراعتماد آغاز کیا اور دن کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 109 رنز بنالیے۔

پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں شاہین شاہ آفریدی نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ ساجد خان نے 3 اور حسن علی نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔