اجراء کی تاریخ: 21 نومبر 2021 - 16:01

صومالیہ کے معروف صحافی عبدالعزیز محمد ایک خودکش حملے میں ہلاک جب کہ نیشنل ٹی وی کے ڈائریکٹر نیوز اور ڈرائیور شدید زخمی ہوگئے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ صومالیہ کے معروف صحافی عبدالعزیز محمد ایک خودکش حملے میں ہلاک جب کہ نیشنل ٹی وی کے ڈائریکٹر نیوز اور ڈرائیور شدید زخمی ہوگئے۔

اطلاعات کے مطابق صومالیہ میں شدت پسند تنظیم الشباب کے سخت ناقد صحافی اور ریڈیو موغادیشو کے ڈائریکٹر عبدی عزیز محمد ریسٹورینٹ سے واپسی پر گھر آرہے تھے کہ ایک خودکش بمبار نے ان کی کار کے نزدیک خود کو دھماکے سے اُڑالیا۔

دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ کار کے پرخچے اُڑ گئے، کار میں موجود عبدالعزیز شدید زخمی ہوگئے جو اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑ گئے جب کہ ان کے ڈرائیور اور نیشنل ٹی وی کے ڈائریکٹر شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہیں۔

حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم الشباب نے قبول کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ الشباب کے دہشت گرد صحافی عبد العزیز کی تلاش میں کئی ماہ سے سرگرداں تھے۔

ایک بیان میں صومالیہ کے نائب وزیر اطلاعات عبد الرحمان یوسف عمر نے کہا کہ ملک ایک بہادر آدمی سے محروم ہو گیا۔

واضح رہے کی الشباب ملک میں فوج، پولیس، سرکاری دفاتر اور عوامی مقامات پر بم دھماکوں میں ملوث رہی ہے ۔