ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں کل بھارتی حکومت کی میزبانی میں افغانستان کے موضوع پر سکیورٹی کانفرنس منعقد ہوگی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں کل بھارتی حکومت کی میزبانی میں افغانستان کے موضوع پر سکیورٹی کانفرنس منعقد ہوگی۔اس کانفرنس میں ہمسایہ ممالک کے قومی سلامتی کے مشیراور سکریٹری  شرکت کریں گے۔ افغانستان کے موضوع پر ہندوستان میں ہونے والی کانفرنس میں ایران ، روس ، تاجیکستان ، ازبکستان ، ہندوستان اور قرقیزستان کے قومی سلامتی کے مشیر اور سکریٹری شرکت کریں گے۔ ہندوستانی حکام کے مطابق ہندوستان افغانستان میں پائدار امن و صلح کے قیام کے سلسلے میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ مذاکرات اور مشاورت جاری رکھےگا۔ بھارتی حکام کے مطابق  ہندوستان کے لئے افغانستان میں امن کا قیام اہمیت کا حامل ہے۔ ادھر پاکستان نے ہندوستان کی میزبانی میں افغانستان کے موضوع پر ہونے والی امن کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

اس سے قبل پاکستان کے مشیر قومی سلامتی معید یوسف  نے بھارت میں ہونے والی سلامتی کانفرنس میں شرکت کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کا کردار امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کا ہے ، ایسے میں وہ قیام امن کے لیے کام کیسے کرسکتا ہے۔