آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو شکست دے کر بھارت کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو شکست دے کر بھارت کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کردیا۔  اطلاعات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا انتہائی اہم میچ افغانستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 125 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف 18.1 اوور میں پورا کرلیا۔

نیوزی لینڈ کے اوپنرز نے ہدف کے تعاقب میں پُراعتماد بیٹنگ کا آغاز کیا، مارٹن گپٹل 28 اور ڈیرل مچل نے 17 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ کپتان کین ولیمسن 40 اور ڈیوڈ کونوے 36 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل افغانستان کے ابتدائی بلے باز کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں تاہم نجیب اللہ نے گرتی ہو بیٹنگ لائن کو سنبھالا اور قیمتی 73 زنز کی اننگ کھیل کر ٹیم کا مجموعی اسکور 124 رنز تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا اورافغانستان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز ہی بناسکی۔