مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان بھر میں ہفتہ وحدت اور سید المرسلین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی ولادت باسعادت کا جشن مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے۔
سرکار دو جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے جشن ولادت اور ہفتہ وحدت کی آمد کے موقع پر پاکستان میں محافل اور ریلیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
پاکستانی فوج کی جانب سے دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جب کہ صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ ہفتہ وحدت اور جشن عید میلاالنبی (ص) کے موقع پر کراچی سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوس اور ریلیوں کی سکیورٹی کے لیے پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ کراچی میں مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر ساڑھے 4 ہزار سے زائد پولیس اہل کار تعینات کیے گئے ہیں۔