امریکہ کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے چین کو سب سے بڑا خطرہ قراردیتے ہوئے اس کے خلاف ایک نئے مشن کا آغاز کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کی خفیہ ایجنسی سی آئی اے نے چین کو سب سے بڑا خطرہ قراردیتے ہوئے اس کے خلاف ایک نئے مشن کا آغاز کردیا ہے، جو صرف چینی حکومت اور اس کی سرگرمیوں پر توجہ مرکوز رکھے گا۔

امریکی سی آئی اے کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق چائنا مشن سینٹر کے نام سے ایک مشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا مقصد چین کی حکومت سے دنیا کو لاحق خطرات کا سدباب کرنا ہے۔ سی آئی اے کے مطابق امریکہ کولاحق سب سے بڑا خطرہ چین ہے اور یہ خصوصی مشن بیجنگ کی جانب سے درپیش اسٹریٹیجک چیلنجز پر توجہ مرکوز کرے گا۔

سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنس کا اس بارے میں کہنا ہے کہ یہ خصوصی گروپ سی آئی اے کی جانب سے آپریٹ ہونے والے درجن بھر گروپوں میں سے ایک ہے اور چین کے بارے میں ایجنسی کی حکمت عملی پر باہمی روابط کے لیے ہر ہفتے ڈائریکٹر کی سطح پر میٹنگز کا انعقاد بھی ہوگا۔

سی آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ اس سے امریکا کی مسابقت کو لاحق اہم مسائل جیسا کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی، معاشی سیکیورٹی، ماحولیاتی چیلینجز اور صحت کے مسائل وغیرہ سے نبرد آزما ہونے میں مدد ملے گی۔