بھارتی ریاست اترکھنڈ میں 200 انتہا پسند ہندوؤں نے چرچ پر حملہ کرکے پانچ افراد کو زخمی کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے بھارتی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارتی ریاست اترکھنڈ میں ہندو انتہا پسندوں نے چرچ پر حملہ کرکے پانچ افراد کو زخمی کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ڈنڈوں اور لاٹھیوں سے مسلح تقریباً دو سو ہندو بلوائیوں نے روڑکی شہر کے چرچ پر اتوار کی ہفتہ وار عبادت کے دوران حملہ کیا۔حملہ آوروں نے چرچ میں توڑ پھوڑ کی، فرنیچر، تصاویر اور موسیقی کے آلات توڑ دیئے۔ پولیس کے مطابق حملہ آوروں کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا ہے، باقی افراد کی تلاش جاری ہے۔ چرچ کی انتظامیہ نے بھارتی حکام سے حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔