بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی ایک عدالت میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی ایک عدالت میں فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق 2 مسلح افراد وکیل کے لباس میں نئی دہلی کی عدالت میں گھس آئے جہاں بھارتی گینگسٹر جتیندر گوگی کو ایک کیس کے سلسلے میں پیش کیا جانا تھا تاہم جیسے ہی گینگسٹر عدالت پہنچا وہاں موجود مسلح افراد نے کورٹ روم میں فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گینگسٹر موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق وکلاء کے بھیس میں عدالت میں داخل ہونے والے افراد دوسرے گینگ کے کارندے تھے جو گینگسٹر گوگی کو مارنے آئے تھے تاہم دونوں افراد موقع پر ہی پولیس فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جب کہ عدالت میں سکیورٹی کے باوجود مسلح افراد کے داخل ہونے پر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔