مہر خبررساں ایجنسی نے اردو پوئینٹ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے افغانستان کے صوبہ پنجشیر میں قومی مزاحمت فورسزکے خلاف ڈرونز اور فضائی حملوں میں ملوث ہونے سے انکارکردیا ہے۔ پاکستانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ افغانستان کے صوبہ پنجشیر یا دیگر علاقوں میں رونما ہونے والے واقعات کا پاکستان سے کوئي تعلق نہیں ہے۔ پاکستانی فوج کے ترجمان نے پاکستان کی طرف سے طالبان کی حمایت پر مبنی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبریں بالکل بے بنیاد اور جھوٹی ہیں۔
پاکستانی فوج کے ترجمان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب افغانستان سے ایسی خبریں آرہی ہیں کہ پاکستانی کمانڈوز پنجشیر میں طالبان کو مدد فراہم کررہے ہیں اور پاکستانی فضائی کے ڈرونز اور جنگی جہازوں نے پنجشیر کے دفاعی خطوط کو توڑنے اور طالبان کو پنجشیر میں داخل ہونے کے سلسلے میں مدد فراہم کی ہے۔ حال ہی میں کابل اور دیگر شہروں میں افغان عوام نے افغانستان میں پاکستان کی مداخلت اور طالبان کی حمایت پر احتجاجی مظاہرے بھی کئے ہیں۔