مہر خبررساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کو اس وقت کورونا کی چوتھی لہر میں مہلک وائرس کی خطرناک ترین قسم ڈیلٹا ویرینٹ کا سامنا ہے جس کے باعث آئندہ 3 ماہ کے دوران کورونا سے ایک لاکھ ہلاکتیں ہونے کا اندیشہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق یونیورسٹی آف واشنگٹن کی ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ دسمبر تک کورونا سے ایک لاکھ اموات کا خدشہ ہے یعنی رواں برس کے اختتام تک کورونا سے امریکہ میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 7 لاکھ 30 ہزار کے قریب پہنچ جائے گی۔ اب تک یہ تعداد 6 لاکھ 32 ہزار ہے۔
یونیورسٹی آف ٹیکساس کی ڈائریکٹر برائے کورونا وائرس لارن اینسل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اگر عوامی مقامات پر شہری ماسک کا استعمال شروع کر دیں، میل جول میں فاصلہ رکھیں، بیماری کی صورت میں گھر میں رہیں اور ویکسین لگوائیں تو یہ تعداد کم ہو کر نصف ہو سکتی ہے۔