امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کے خفیہ ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر نے طالبان رہنما ملا عبدالغنی برادر سے خفیہ ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

 مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ کے خفیہ ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر ویلیم برنس نے طالبان رہنما ملا عبدالغنی برادر سے خفیہ ملاقات اور گفتگو کی ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق یہ خفیہ ملاقات افغانستان کے دارالحکومت کابل میں کی گئی ہے۔

امریکی اخبار کا یہ بھی کہنا ہے کہ امریکی سی آئی اے نے اپنے ڈائریکٹر ویلیم برنس کی طالبان رہنما سے ملاقات کی رپورٹ پر ردِ عمل دینے سے گریز کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق طالبان رہنما ملا عبدالغنی برادر قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ رہے ہیں اور وہ سنیچر کے دن کابل پہنچے ہیں۔ افغانستان سے امریکہ کے غیر ذمہ دارانہ انخلا کی وجہ سے کابل ایئر پورٹ پر عوام ملک سے فرار ہونے کے لئے جمع ہوئے ہیں جنھیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔