افغانستان کے شہر جلال آباد میں طالبان کی جانب سے افغان پرچم اتارنے کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے دوران ہونے والی جھڑپ میں 3 افراد مارے گئے جب کہ 26 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ  افغانستان کے شہر جلال آباد میں طالبان کی جانب سے افغان پرچم اتارنے کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے دوران ہونے والی جھڑپ میں 3 افراد مارے گئے جب کہ 26 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق طالبان نے افغانستان کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سرکاری عمارتوں سمیت اہم مقامات پر سے افغانستان کا قومی جھنڈا اتار کر امارات اسلامی کا سفید پرچم لہرا دیا ہے۔

جلال آباد میں بھی طالبان قومی جھنڈا اتار کر اپنا پرچم لگا رہے تھے تاہم شہریوں کی جانب سے مزاحمت دیکھنے میں آئی۔ شہریوں نے قومی جھنڈا اتارنے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

طالبان اور مظاہرین کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا ہوگیا اور اس دوران طالبان کی فائرنگ سے 3 شہری ہلاک اور 26 زخمی ہوگئے۔ اس واقعے کے بعد جلال آباد کی سڑکوں پر سیکڑوں افراد جمع ہوگئے اور احتجاج کیا۔

ادھر طالبان کے سیاسی دفتر کے رکن انس حقانی کی سربراہی میں طالبان کے وفد نے افغانستان کی قومی مصالحتی کمیشن کے سربراہ عبداللہ عبداللہ کے گھر پر سابق صدر حامد کرزئی سے اہم ملاقات کی۔ جس کے دوران افغانستان کی موجود صورت حال اور عبوی حکومت کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔